شاہین آفریدی اور سلمان آغا کے جھگڑے کی افواہوں پر پی سی بی کی وضاحت

پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور کپتان سلمان آغا کے جھگڑے کی افواہوں پر پی سی بی کی وضاحت آگئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہین آفریدی، کپتان سلمان علی آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے درمیان مبینہ اختلافات کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے ان پر لگائے الزامات کو من گھڑت قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ وائرل ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سلمان آغا اور ہیسن، شاہین کے رویے سے ناخوش ہیں اور انہوں نے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے ساتھ بھی معاملہ اٹھایا تاہم کوئی جواب نہیں ملا۔
کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پر تفصیلی وضاحت جاری کرتے ہوئے اسے ٹیم کے اندر اختلاف پیدا کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا جو ویست انڈیز کے دورے پر ہے۔
پی سی بی نے لکھا کہ ٹریننگ یا پریکٹس سیشنز کے دوران کسی بھی موقع پر ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، یہ بدنیتی پر مبنی افواہیں مکمل طور پر فرضی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ قومی اسکواڈ کے اندر اختلاف پیدا کرنے کے لیے جان بوجھ کر گھڑ لیا گیا ہے۔
پی سی بی نے کہا کہ وہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرے گا۔
کرکٹ بورڈ نے لکھا کہ پی سی بی اسے ایک سنگین اور پہلے سے سوچی سمجھی ہتک آمیز مہم سمجھتا ہے، جس کا مقصد ان افراد کی پیشہ ورانہ سالمیت کو نقصان پہنچانا ہے جن کو نشانہ بنایا گیا ہے اور اسکواڈ کے اجتماعی ماحول کو نقصان پہنچانا ہے۔
بورڈ نے عام لوگوں، میڈیا کے نمائندوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو سختی سے مشورہ دیتا ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ اور غیر ذمہ دارانہ مواد کے ساتھ مشغول ہونے، اس کی توثیق کرنے یا اسے بڑھانے سے گریز کریں۔