رحیم یارخان: کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس پر حملہ، 5 ایلیٹ اہلکار شہید

(1 اگست 2025): رحیم یارخان میں پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کے حملے میں 5 ایلیٹ اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق رحیم یارخان کی شیخانی پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کی جانب سے حملہ کیا گیا جس میں 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوئے، ماہی چوک کے قریب حملے میں راکٹ بھی فائر کیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو بھی مارا گیا جبکہ شہید اہلکاروں میں محمد عرفان، محمد سلیم اور محمد خلیل، کانسٹیبل نخیل، غضنفر عباس شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا تعاقب اور مقابلہ جاری ہے، ڈاکوؤں کیخلاف بھاری ہتھیار اور بکتر بند استعمال کی جا رہی ہے۔
ترجمان پولیس نے بتایا دو درجن سے زائد ڈاکوؤں نے پولیس پوسٹ پر حملہ کیا، دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آئی جی پنجاب نے ڈی پی او رحیم یار خان کو ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے، آئی جی پنجاب نے شہید ایلیٹ اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈاکوؤں نے رات گئے چھپ کر بزدلانہ حملہ کیا، پنجاب پولیس کا مورال بلند ہے، دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں مورال پست نہیں کر سکتیں، کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف پولیس آپریشن بھر پور توانائی سے جاری رہے گا۔
ترجمان پولیس کا بتانا ہے کہ شہدا میں عرفان، سلیم، نخیل کا تعلق بہاولنگر سے تھا، شہدا میں خلیل، غضنفر کا تعلق رحیم یارخان سے ہے۔