دہشتگردی کیخلاف قومی سطح پر یکجہتی ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی (30 جولائی 2025): فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف قومی سطح پر یکجہتی ناگزیر ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا نے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے قومی یکجہتی اور بلوچستان کی ترقی پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلیے پاک فوج پرعزم ہے۔ انہوں نے بھارت کی دہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی کی شدید مذمت کی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلیے کوشاں ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
سپہ سالار نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان بھارت کی ناکام پراکسیز ہیں، معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت کی پراکسی وار میں شدت آئ ہے، دہشتگرد کسی مذہب، قوم یا فرقے کے نمائندہ نہیں۔
انہوں نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو قومی ترقی کا ضامن قرار دیا اور ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی سطح پر مربوط حکمت عملی پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن کیلیے پُرعزم ہے مگر ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نشست کے اختتام پر فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور شرکا کے درمیان سوال و جواب کا سیشن ہوا۔ سپہ سالار نے شرکا کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔