ٹاپ نیوز

پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، اسحاق ڈار

نیویارک : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی قبضہ فوری ختم ہونا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی 57 ممالک کی تنظیم ہے ، جس کے ہم بانی ممبر ہیں، اسلاموفوبیا پر او آئی سی کا مستقل اینوائے مقرر کروایا، فلسطین کے ساتھ کشمیر کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں، آزاد فلسطینی ریاست کی سرحدیں 1967 والی پوزیشن کے مطابق ہونی چاہئیں، القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیئے۔

انھوں نے واضح کیا مسئلہ فلسطین کے حل سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کاکوئی ارادہ نہیں۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ سے ملاقات بہت مفید رہی، ہم نے تجارت اور ٹیرف کے معاملے پر بھی بات کی، آج بھی سیکریٹری مارکوروبیو سے ٹیلیفون پر بات ہوئی، امریکا سے دو طرفہ اور علاقائی امور پر کھل کر بات ہوئی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کا دورہ ہر حوالے سے کامیاب رہا ہے، ٹیرف پرمعاہدے کیلئے وزیرخزانہ محمداورنگزیب جلد امریکاپہنچ جائے گا، اگلے دو سے تین دن میں ٹیرف پر معاہدے طے پاجائے گا۔

عمران خان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز عدالتی معاملہ ہے، جب آپ ہتھیار اٹھاتے ہیں تو قانون اپنا راستہ اپناتاہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماراسرفہرست ایجنڈا ہے۔

دورہ افغانستان سے متعلق وفاقی وزیر نے بتایا کہ 19 اپریل کو افغانستان گیا، افغان نگراں وزرا سے بات چیت ہوئی، جو فیصلے ہوئے ان پر 20 اپریل کو عملدرآمد ہو چکا ، افغانستان کے ساتھ ریلوے لائن بچھی تو ہم پوری دنیا سے کنکٹ ہو جائیں گے، افغانستان سے کہا ہے کہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، چین، پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کابل میں جلد ملاقات کریں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button