ایک لاکھ ٹن میٹرک چینی درآمد کرنے کا ایک اور ٹینڈر جاری

اسلام آباد : حکومت نے ایک لاکھ ٹن میٹرک چینی درآمد کرنے کا ایک اور ٹینڈرجاری کردیا اور انٹرنیشنل سپلائرز سے 31جولائی تک بولیاں طلب کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں چینی درآمد کرنے کی حکومتی کوششیں جاری ہے ، حکومت نے ایک لاکھ ٹن میٹرک درآمد کرنے کا ایک اورٹینڈرجاری کردیا۔
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے انٹرنیشنل سپلائرز سے 31جولائی تک بولیاں طلب کرلیں ، ٹینڈر کے مطابق 25 ہزار ٹن سے کم کی بولی قبول نہیں کی جائے گی۔
ٹینڈر دو شپمنٹ ونڈوز کے لئے جاری کیا گیا ہے ، پچاس ہزار میٹرک ٹن چینی پہنچنے کے لئے 21 اگست سے 5 ستمبر تک اور پچاس ہزار میٹرک ٹن کے لئے یکم ستمبر سے 15 ستمبر تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے چینی کی قیمت مستحکم رکھنے کے لیے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی تھی ، پہلے مرحلے میں 3 لاکھ میٹرک ٹن درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل پچاس ہزار میٹرک ٹن کے ٹینڈرپر کسی نے بولی جمع نہیں کرائی تھی اور پچاس ہزار ٹن کے لیے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 جولائِی مقرر تھی۔