آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیدی

آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ ٹم ڈیوڈ نے 37 گیندوں پر 102 رنز بنا کر ٹی 20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کی جانب سے تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
وارنر پارک، باسیتیر میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔ کپتان شائی ہوپ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 57 گیندوں پر ناقابل شکست 102 رنز بنائے جس میں 6 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ برینڈن کنگ 62 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔
جواب میں آسٹریلیا نے ٹم ڈیوڈ کی تاریخی اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف 16.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ انہوں 37 گیندوں پر ناقابل شکست 102 رنز بنائے جس میں 11 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ مچل اون نے بھی 16 گیندوں پر 36 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹم ڈیوڈ کو شاندار کارکردگی پر مرد میدان قرار دیا گیا۔