عمران خان کو پارٹی رہنماؤں کی ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی پر غصہ آگیا

پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو پارٹی رہنماؤں کی ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی پر غصہ آگیا۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے منگل کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد کہا کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے درمیان بیان بازی پر شدید افسوس اورغصے کا اظہار کیا کرتے ہوئے تمام رہنماؤں کو بیان بازی سے روک دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سخت ہدایات ہیں کہ تمام رہنما ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی اور سوشل میڈیا مہم چلانے سے باز رہیں اور احتجاجی تحریک کے لیے متحد ہوں۔
بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان نے وزیراعلیٰ اور تمام ذمے داروں کو احتجاجی تحریک کے سلسلے میں سخت ہدایات بھی جاری کردیں۔
اس کے علاوہ بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ وہ قیدِ تنہائی کاٹ رہے ہیں ، ان کو اور بشریٰ بی بی کو اذیتیں دی جارہی ہیں ۔ ٹی وی، اخبار، کتابیں اور یہاں تک کہ کپڑے بھی فراہم نہیں کیے جارہے۔