چین عرب تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں ، ممالک کے ساتھ باہمی اعتماد کی وسعت کے لئے تیارہیں، چینی صدر شی جن پنگ

چین کے صدر شی جن پنگ نے عرب لیگ کے سربراہان مملکت کی کونسل کے بغداد میں ہونے والے 34ویں اجلاس پر عراقی صدر عبد الطیف رشید کو مبارکباد کا خط ارسال کیا ہے ۔ چینی میڈیا کے مطابق خط میں شی جن پنگ نے کہا کہ 80 سال قبل اپنے قیام کے بعد سے عرب لیگ ہمیشہ عرب دنیا کے اتحاد اور مضبوطی کو فروغ دینے، عرب ممالک کی مشترکہ آواز بننے اور مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت جب دنیا بڑی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پیچیدہ ہے، عرب ممالک نے آزادی کو برقرار رکھتے ہوئے، ترقی اور احیاء کو فروغ دے کر، شفافیت اور انصاف کو برقرار رکھتے ہوئے گلوبل ساؤتھ کو مضبوط بنانے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغا م میں اس بات پر زور دیا کہ حالیہ برسوں میں عرب ممالک کے ساتھ چین کے تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں جس نے ترقی پذیر ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کی ایک مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر 2022 ء میں انہوں نے عرب رہنماؤں کے ساتھ پہلے چین عرب ممالک کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی اور نئے دور میں چین عرب ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے پر اتفاق کیا۔ 2026 میں چین میں دوسرے چین عرب سربراہ اجلاس کا انعقاد ہوگا جو چین عرب تعلقات کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگ میل ہو گا ۔
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین عرب ممالک کے ساتھ مل کر سیاسی باہمی اعتماد کو گہرا کرنے، باہمی فائدے مند تعاون کو فروغ دینے، افرادی و ثقافتی تبادلوں کو بڑھانے اور جدیدکاری کے اپنے اپنے راستوں پر مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ اعلی معیار کے چین-عرب ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کی جا سکے۔