وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا عمان کے صنعتی مرکز سہار کا دورہ، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے عمان کے تین روزہ سرکاری دورے کے پہلے دن عمان کے اہم صنعتی مرکز سہار کا دورہ کیا۔ ملاقات کا محور پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
وزیر تجارت نے اپنے دن کا آغاز سہار پورٹ اور فری زون کے دورے سے کیا جہاں ان کا استقبال سہار فری زون کے سی ای او اور سہار پورٹ کے نائب صدر محمد الشزواوی نے کیا۔ اس موقع پر احمد الحوسنی اور علی الیمانی، نائب صدور سہار پورٹ بھی موجود تھے۔وزیر تجارت کے ہمراہ پاکستانی سفیر سید نوید صفدر بخاری اور کمرشل قونصلر عشرت حسین بھٹی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر کو سہار پورٹ کی جدید سہولیات اور اس کے خطے میں ایک اہم تجارتی اور لاجسٹک مرکز کے طور پر کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر سہار فری اکنامک زون اور صنعتی شہر کے مربوط منصوبے پر ایک پریذنٹیشن بھی دی گئی جس میں سہار کی سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ سہار عمان کی 80 فیصد بین الاقوامی تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کا مرکز ہے جو اسے ملک کی اقتصادی ترقی کا ایک کلیدی ستون بناتا ہے۔وزیر تجارت نے صنعتی زون اور مختلف تجارتی کلسٹرز کا دورہ کیا اور عمانی حکام سے پاکستان اور عمان کے درمیان تجارتی تعاون کے مزید فروغ پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے سہار پورٹ اور فری زون کے ذریعے پاکستان کو وسطی ایشیا اور چین تک تجارتی راستے کی توسیع کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں بے پناہ مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔بعد ازاں وزیر تجارت نے شمالی الباطنہ صوبے کے گورنر کے دفتر کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال گورنر محمد بن سلیمان الکندی اور سہار چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین انجینئر سعید العبری نے کیا۔اس ملاقات میں سہار چیمبر آف کامرس کے ممبران، نمایاں صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی۔وزیر تجارت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان عمان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے،
خاص طور پر صنعتی اور لاجسٹک شعبے میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔سہار میں اپنی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد وزیر تجارت کو شہر کے مختلف اہم مقامات کا دورہ کروایا گیا۔
بعد ازاں انہوں نے سہار کی مشہور سلطان قابوس مسجد میں نماز ادا کی جو پاکستان اور عمان کے گہرے ثقافتی اور تاریخی تعلقات کی علامت ہے۔وزیر تجارت کے اس دورے کو پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کے مزید اعلیٰ سطحی اجلاس مسقط میں آنے والے دنوں میں طے شدہ ہیں۔