عالمی برادری فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیاں روکنے کی ذمہ داری قبول کرے ، سیکرٹری جنرل خلیج تعاون کونسل

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی خلاف ورزیاں روکنے کی ذمہ داری قبول کرے۔ انہوں نے جی سی سی اور مصر کے درمیان مکہ مکرمہ میں منعقدہ مشترکہ وزارتی اجلاس میں کہا کہ فلسطینی عوام کو درپیش تشویشناک کشیدگی اور مسلسل خلاف ورزیاں ان کی شناخت اور حقوق کے لیے ایک صریح خطرے کی نمائندگی کرتی ہیں جسے ہم واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے والے ان طریقوں کو روکنے کی ذمہ داری قبول کرے۔ انہوں نے فلسطین پر غیر معمولی عرب سربراہی اجلاس کی میزبانی پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کا شکریہ ادا کیا جو منگل کو قاہرہ میں منعقد ہوا تھا۔ جی سی سی سیکرٹری جنرل نے سربراہی اجلاس کے نتائج کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے بعد غزہ کی بحالی اور تعمیرِ نو میں تیزی لانے کے اقدام میں حصہ لے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ کا مستقبل ایک متحد فلسطینی ریاست کے لائحہ عمل کے اندر ہو اور دو ریاستی حل پر عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فلسطینی عوام کی نقلِ مکانی کے غیر انسانی اور غیر منصفانہ مطالبات کی وجہ سے مصر کسی قسم کا بوجھ مسترد کرتا ہے۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جی سی سی اور مصر کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری فورم رواں سال مصر میں منعقد ہو گا۔اس فورم کا مقصد سرمایہ کاروں کو مصر میں مختلف اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے امید افزا مواقع تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ جی سی سی کے سرمایہ کاروں کو ملک میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔