سماجی انصاف اور مساوات ہر مہذب معاشرے کی بنیاد ہے،سپیکر قومی اسمبلی

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سماجی انصاف اور مساوات کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں، آئین پاکستان ہر شہری کو برابری کی سطح پر انصاف اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔
سماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ایک انصاف پر مبنی نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے متعدد قوانین بھی منظور کیے جا چکے ہیں جو سماجی ناانصافیوں کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام عدل و مساوات اور بنیادی حقوق کی پاسداری کا درس دیتا ہے اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کی تلقین کرتا ہے جہاں ہر فرد کو مساوی مواقع میسر ہوں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے زور دیا کہ سماجی انصاف اور مساوات پر مبنی نظام ہی حقیقی جمہوریت کی ضمانت ہے اور اس کے فروغ کے لیے تمام طبقات کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔