متحدہ عرب امارات کا ایشیا اور افریقہ میں پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے فلپائن کےساتھ تین معاہدوں پر دستخط

متحدہ عرب امارات کا ایشیا اور افریقہ میں پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے فلپائن کےساتھ تین معاہدوں پر دستخط کر دیئے۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ایشیا اور افریقہ میں پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے تین تعاوناتی معاہدے طے کیے ہیں، جو ماحولیاتی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں ترقی کے لیے امارات کے انسانی ہمدردی کے مشن کی عکاسی کرتے ہیں۔
ان معاہدوں کا مقصد خوشحالی کو فروغ دینا اور موجودہ و ابھرتے ہوئے چیلنجز کے حل فراہم کرنا ہے۔دو معاہدے فلپائن کی خاتونِ اول، لوئس ارانیٹا، اور متحدہ عرب امارات کی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات، ڈاکٹر آمنہ بنت عبداللہ الدہاک کی موجودگی میں طے پائے۔پہلا معاہدہ فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے تاریخی دریائے "پاسگ”کی بحالی سے متعلق تھا، جو فلپائن کی وزیر برائے ماحولیات و قدرتی وسائل، ماریا انتونیا یولو لوئزاگا، اور کلین ریورز فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل، عبداللہ القبیسی کے دستخطوں سے مکمل ہوا۔
ڈاکٹر آمنہ الدہاک نے اس معاہدے کو متحدہ عرب امارات اور فلپائن کے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی تعلقات کا مظہر قرار دیا، جو پانی کے ذخائر کے تحفظ، آلودگی کے خاتمے، اور ماحولیاتی اثرات میں کمی لانے کی مشترکہ کاوشوں کا حصہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ فلپائن میں سرکلر اکانومی حل متعارف کرانے اور سماجی و اقتصادی مواقع پیدا کرنے میں مدد دے گا۔
دوسرا معاہدہ کلین ریورز فاؤنڈیشن اور "بورالیس اینڈ سسٹمیق” اقدام کے درمیان طے پایا، جس کا مقصد انڈونیشیا کے بانیووانگی میں فضلہ مینجمنٹ انفراسٹرکچر، پلاسٹک ری سائیکلنگ، نامیاتی مواد کے انتظام، اور دریاؤں میں فضلہ کے اخراج کو روکنے کے لیے استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔