عالمی

امریکا کے دو تہائی کے قریب ووٹرز نے صدر ٹرمپ کی غزہ پر قبضہ کرنے کی تجویز کی مخالفت کر دی ، سروے

امریکا کے دو تہائی کے قریب ووٹرز نے صدر ٹرمپ کی غزہ سے فلسطینیوں کو زبردستی نکالنے اور غزہ پر قبضہ کرنے کی تجویز کی مخالفت کی ہے۔ امریکی تھنک ٹینک ’’ڈیٹا فار پروگریس‘‘کی گزشتہ روز جاری کی گئی نئے سروے رپورٹ کے مطابق 64 فیصد امریکی ووٹرز نے صدر ٹرمپ تجویز کی مخالفت جبکہ صرف 27 فیصد اس کی حمایت کی ہے ۔

سروے کے 1,201 جواب دہندگان میں سے تقریباً نصف جو کہ 47 فیصد ہیں، نے یہ بھی کہا کہ وہ اس منصوبے کے’’ سخت‘‘ خلاف ہیں۔ ڈیٹا فار پروگریس کے مطابق مخالفت ڈیموکریٹس میں سب سے زیادہ تھی، 85 فیصد نے اس تجویز کی مخالفت کی، جس میں 78 فیصد نے سخت مخالفت کی۔63 فیصد آزاد امیدواروں نے ٹرمپ کے غزہ کے منصوبے سے اتفاق نہیں کیا،46 فیصد ریپبلکنز نے اس تجویز کی حمایت کی اور 43 فیصد نے مخالفت کی۔

سروے کے مطابق غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کی جنگ میں زندہ بچ جانے والے فلسطینیوں کو زبردستی ملک سے نکالنےکی تجویز جب اس پر امریکی فوجیوں کے ذریعے عمل درآمد کی صورت میں اور بھی زیادہ غیر مقبول ہے ۔ڈیٹا فار پروگریس کے مطابق 10 میں سے تقریباً سات ووٹرز کا کہنا ہے کہ وہ غزہ پر قبضہ کرنے کے لئے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج بھیجنے کی مخالفت کرتے ہیں جبکہ 25 فیصد اس کے حق میں ہیں۔

یہ سروے ویب پینلز کا استعمال کرتے ہوئے 8 اور 9 فروری کو کیا گیا۔ امریکاکے یورپی اتحادیوں کے ساتھ ساتھ سعودی عرب، ترکیہ، چین اور روس کا کہنا ہے کہ وہ دو ریاستی حل کے لئے پرعزم ہیں۔4 فروری کوامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کی ۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے کہا کہ وہ ممکنہ طور پر امریکی فوجیوں کی مدد سےغزہ کا کنٹرول سنبھالیں گے،’’مشرق وسطی کا رویرا‘‘ تشکیل دیں گے۔انہوں نے اس سے قبل تجویز دی تھی کہ بے گھر فلسطینیوں کو پڑوسی عرب ممالک میں دوبارہ آباد کیا جا سکتا ہے۔امریکا کے یورپی اتحادیوں سعودی عرب، اردن اور مصر نے دو ریاستی حل کے مطالبات کا اعادہ کرتے ہوئے ٹرمپ کے منصوبے کو مسترد کر دیا ہے۔

نئی پولنگ ایسے وقت میں ہوئی جب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تجویز جنگی جرائم پر مبنی اور بین الاقوامی نظام کے ڈھانچے کو خطرہ ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button