ترک صدر کا دورہ تجارت کے فروغ اور اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، سیف الرحمان

وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان کا دورہ دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے اور اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس دورے میں تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلے جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
دورے کا بنیادی مقصد دو طرفہ تجارت میں جمود کا خاتمہ کرنا ہے جو اس وقت تقریبا 1.3 ارب ڈالر ہے جسے سالانہ 5 ارب ڈالر تک لے جایا جا سکتا ہے۔ یہ ہدف سٹریٹجک اکنامک فریم ورک (ایس ای ایف) کی توسیع اور ترکیہ میں پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش نان ٹیرف رکاوٹوں اور مارکیٹ تک رسائی کے چیلنجز سمیت دیگر تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان۔ترکیہ بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے توانائی ، انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نئے مواقع کی تلاش کے لئے معروف سرمایہ کاروں اور بزنس لیڈرز کو اکٹھا کرنے کا موقع میسر آیا ہے۔ یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید متنوع اور مستحکم کرنے اور مشترکہ ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران طے پانے والے ایم او یوز سے معاشی اور اسٹریٹجک تعاون کو وسعت ملے گی۔