وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق سے آٹھمقام میں عوامی وفود کی ملاقات

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق سے پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس آٹھمقام میں ضلع بھر سے آنے والے عوامی وفود نے ملاقاتیں کیں۔ ضلعی آفیسران کے روبرو عوام کے مسائل سنے اور فوری حل طلب مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزراء حکومت میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ، فیصل ممتاز راٹھور بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم آزادکشمیر سے کٹن جاگراں، آٹھمقام، نگدر، دودھنیال، ہلمت اور تاوبٹ سے آئے عوامی وفود نے ملاقاتیں کیں اور آٹھمقام واٹر سپلائی سکیم، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں سیوریج لائن سمیت دیگر مسائل سنے اور ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے عوامی وفود سے تعلیم، صحت، بجلی، فراہمی آب، رابطہ سڑکوں سمیت دیگر بنیادی ضروریات بارے مسائل سنے اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔