‘کرائم منسٹر، شرم کرو’، اسرائیل میں نیتن یاہو حکومت کیخلاف ہزاروں افراد کا احتجاج
اسرائیل میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے تل ابیب کی مرکزی شاہراہ اور مختلف سڑکیں بند کر دیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق تل ابیب میں ہزاروں افراد نے نیتن یاہو حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے اور غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کروانے کا مطالبہ کیا۔
حکومت مخالف نعرے لگاتے مظاہرین نے کرائم منسٹر، شرم کرو، مزید جنگ نہیں کے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔
سڑکیں خالی کرانے کے لیے کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
دوسری جانب امریکی صدر بائیڈن اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں دوحا میں جاری غزہ جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی معاہدے کے مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر بائیڈن نے نیتن یاہو پر جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں فوری امداد کی فراہمی بڑھانے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ امریکی صدر بائیڈن کو مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔