حکومت رواں سال حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے لائیگی ،علا مہ طاہر محمود اشرفی
چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ قوی امید ہے حکومت رواں سال حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے لائیگی، پرائیویٹ سطح پر حج کروانے کیلئے بکنگ کا آغاز ، نجی ادارے حج کے دوران بھکاری و منشیات میں ملوث افرادکو سعودی عرب نہ بھیجیں، پاکستان تمام برادر اسلامی ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہا ں ہے ،علماء کونسل عالم اسلام کے اسرائیلی نقشے کو مسترد کرتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر زونل وائس چیئرمین پنجاب (ہوپ) احسان اللہ اور امتیاز الرحمان سمیت دیگر علماء موجود تھے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ سال حج کے دوران حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کیں ۔ اکثریت نے پرامن اور اچھا ماحول فراہم کرنے پر اطمینان کا اظہار اور حکومت پاکستان و سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ، امید کرتے ہیں کہ موجودہ حکومت بھی رواں سال حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنا نے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے لائیگی۔ انہوں نے کہا کہ 10جنوری بروز جمعتہ المبارک سے پاکستان میں پرائیویٹ سطح پرحجاج کی بکنگ کا سلسلہ شروع ہوچکاہے، وفاقی وزیر داخلہ نے حج پر جانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے پاسپورٹ جلد بنانے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حج پر بھیجنے والے پرائیویٹ ادارے حج کے دوران بھکاری و منشیات میں ملوث لوگوں کو سعودی عرب نہ بھیجیں،اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کوئی بھی بھکاری پرائیویٹ ادارے سے حج و عمرہ کیلئے سعودی عرب نہ جائے،بھیک مانگنے والے مافیا کیخلاف شکایت آئی اور ثابت ہوگئی تو اس کمپنی کو معافی نہیں دیں گے ،پچھلے سال نجی اداروں کی جانب سے پرائیویٹ حجاج کی جو خدمت کی گئی اس کی شکایات کا معاملہ بہت کم رہا۔ طاہرمحمود اشرفی نے کہا کہ رواں سال حج کے دوران منا سک حج کے حوالے سے حجاج کرام کی تربیت کی جائے گی ، پاکستان میں رجسٹرڈ پرائیویٹ حج گروپ کی تعداد نو سوچارہے، جو افراد حج پر جانا چاہتے ہیں ان کمپنیوں سے ہی پیکجز لیں، سعودی عرب نے اگلے حج کیلئے انتظامات حج کے فوری بعد شروع کردئیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جدہ میں بین الاقوامی حج نمائش جلد شروع ہورہی ہے جس کیلئے سیکرٹری مذہبی امور سعودی عرب روانہ ہو چکے ہیں،اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور حج انتظامات کا جائزہ بھی لیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کسی پاکستانی کمپنی پر سعودی عرب نے پابندی نہیں لگائی،اوورسیز پاکستانی بھی پاکستانی گروپوں کے ساتھ حج کر سکتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گریٹراسرائیلی نقشہ دراصل دہشت گردی کا نقشہ ہے جس کی عالم اسلام بھر پورمذمت کرتا ہے، ہمارا سب کچھ مکہ، مدینہ پر قربان ہے۔
طاہرمحمود اشرفی نے کہا کہ شام میں امن کے حوالے سے سعودی عرب میں اجلاس ہورہا ہے جس میں امید ہے کہ شام میں امن کی صورت حال کو بہتر کرنے کیلئے متفقہ لائحہ عمل مرتب کیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوںکاسب سے بڑا اتحاد کا مرکز حج ہے، سارے مکاتب فکر اتحاد کی علامت ہیں، سب کو ساتھ لے کر جاتے ہیں۔ طاہرمحمود اشرفی نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو خود فوڈ چین بنانی چاہیئے،تمام اسلامی ممالک ہمارے کیلئے قابل احترام ہیں، پاکستان تمام برادر اسلامی ممالک سے ہمیشہ سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ۔
اس موقع پر زونل وائس چیئرمین پنجاب (ہوپ) احسان اللہ نے کہا کہ ہوپ پاکستان کا وفد حج کانفرنس میں جائے گا جس کی نمائندگی طاہر اشرفی کریں گے، ہم حج سروسز کے معیار کو بہتر بنائیں گے،حج سکیم مشکلات کا شکار تھی لیکن وزارت مذہبی امور نے حج مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا،حج بکنگ شروع ہو چکی ہے ،غیر رجسٹرڈ اداروں سے حج کیلئے درخواستیں نہ دیں، حجاج کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔