کاروباری

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارہ جات کا اجلاس

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منگل کو کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارہ جات کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال ، وزیر برائے ہاؤسنگ و ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ ،وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ ،گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ، چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، وفاقی سیکرٹریز اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پیش کردہ ایک سمری پر غور کیا گیا جس میں شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈکاسٹنگ کمپنی لمیٹڈ (SRBC) کی نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے امکانات پر بحث کی گئی۔ کمیٹی نے اس دوران دوبارہ اپنے پہلے فیصلے کا اعادہ کیا کہ SRBC جیسے ادارے سٹریٹجک یا ضروری اداروں کے زمرے میں شامل نہیں ہوں گے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کو کابینہ کے سابقہ فیصلے کی پابندی کرنی ہوگی، جو غیر ضروری اور غیر سٹریٹجک سرکاری ادارہ جات کے حوالے سے کیا گیا تھا۔ مزید برآں کمیٹی نے کابینہ ڈویژن، وزارت اطلاعات و نشریات،

وزارت پٹرولیم، وزارت ریلوے اور محصولات ڈویژن کے زیر بحث سرکاری اداروں کے حوالے سے پہلے سے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں چھ موجودہ کیسز کی پیشکش کی گئی، جن میں دو کیسز کابینہ ڈویژن کے اور دیگر وزارتوں کے ایک ایک کیس شامل تھے۔ جائزہ میں فیصلوں کی بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button