قائد اعظم محمد علی جناح کی شبانہ روز محنت سے پاکستان معرض وجود میں آیا،بانی کی تعلیمات پر عمل سے ہم اسے خوشحال ملک بنا سکتے ہیں، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو قیام پاکستان کے لئے ان کی خدمات پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شبانہ روز محنت اور جدوجہد سے پاکستان معرض وجود میں آیا،بانی کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔
بدھ کو قائداعظم محمد جناح ؒ کے 148 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کا قیام قائد اعظم محمد علی جناح کی محنت سے ممکن ہوا،انہوں نے نہ صرف یہ ملک بنایا بلکہ اسے چلانے کے لیے بنیادیں بھی فراہم کیں، بانی پاکستان اصول پسند، انصاف پسند ، دلیر اور مفکر انسان تھے۔
انہوں نے کہا کہ برداشت اور صبر پر مبنی پرامن معاشرے کا قیام قائداعظم کا خواب تھا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت بابائے قوم کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوشاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے قوم پر زور دیا کہ وہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں کو اپنائے ،قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ملک میں اتحاد و یکجہتی کی مثالی فضا کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی تعلیمات اور رہنمائی پر عمل کرکے ہم پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔