نیشنل یوتھ کونسل کاقیام میرٹ پر کیاگیا ہے، اس میں تمام شعبوں کے ماہر نوجوانوں کو شامل کیاگیا ہے ، رانا مشہود احمد خان

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نیشنل یوتھ کونسل کاقیام میرٹ اور شفافیت کے ذریعے کیاگیا ہے، کونسل میں تمام شعبوں کے ماہر نوجوانوں کو شامل کیاگیا ہے ، یہ نوجوان ملک کا مثبت تشخص اجاگرکرنے اور نوجوانوں سے متعلق فیصلہ و پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ان کی ٹیم کی بھرپور محنت، لگن اور جذبے کے باعث معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آ رہی ہیں۔ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدہ کیا ، بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں جو ان کی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو فرو غ مل رہاہے۔ ملک کا حقیقی اور مثبت تشخص ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نےگزشتہ 8 ماہ کے دوران تعلیم، انٹرٹینمنٹ ، انٹرپرینیورشپ ، ایمپلائمنٹ اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے لئے نمایاں اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کی تشکیل نو کر دی گئی ہے، وزیراعظم محمد شبہاز شریف اس کونسل کے سرپرست اعلیٰ ہیں، کونسل میں ملک بھر سے 100 قابل نوجوانوں کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ 13 اوور سیز پاکستانی نوجوان اس کونسل میں شامل ہیں۔
اس کے لئے میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل یوتھ کونسل میں آئی ٹی، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر کیٹیگریز کے لئے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ ملک اور بیرون ملک سے ہزاروں درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ جامع طریقہ کار کے تحت کونسل کے اراکین کو منتخب کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ہمیشہ نوجوانوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے ۔انہوں نے نوجوانوں کے لئے لیپ ٹاپ سکیم ، سکالرشپس ، انڈوومنٹ فنڈ سمیت متعدد اقدامات کئے ہیں۔
رانا مشہود احمد نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل وزیراعظم کے نیشنل یوتھ ایڈوائزری بورڈ کے طورپر کام کرے گی۔ یہ نوجوانوں کے مسائل اور ان کے لئے مواقع کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔ یہ کونسل نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے فیصلہ سازی سے متعلق رہنمائی فراہم کرے گی۔ کونسل میں 49 لڑکے ، 49 لڑکیاں اور 2 خواجہ سرا شامل ہیں۔ اس کونسل میں اقلیتوں اور خصوصی افراد کی تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندگی شامل ہے۔ کونسل میں گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کی نمائندگی شامل ہے جبکہ 13 اوورسیز پاکستانی اس کونسل کے حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کا پہلا تین روزہ اجلاس 26جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں نوجوانوں سے متعلق امور کو زیر بحث لایا جائےگا۔ انہوں نے کہاکہ یوتھ کونسل کے اراکین ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کےلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام وزیر اعظم محمدشہباز شریف کے وژن پر عمل پیرا ہے، اس حوالےسے تمام صوبوں سے شراکت داری قائم کر رہےہیں۔
پاکستانی قوم اپنی ہمت اور جذبے سے کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کو کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے امریکا کو ابسلیوٹلی ناٹ کہ کر ایٹمی دھماکے کئے۔
پاکستان کے آئین و قانون اور اداروں کے خلاف بات کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور فلسطین میں مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ شام کی صورتحال بھی خراب ہے۔ وہاں کے لئے قراردادیں لانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔