پالیسی ریٹ میں خاطر خواہ کمی سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی، صدر وومن چیمبر

فیصل آبادوومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر شاہدہ آفتاب نے گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان سے اپیل کی کہ پالیسی ریٹ کے آئندہ اعلان میں بینک پالیسی ریٹ میں 500 بیسس پوائنٹس کی کمی کر کے معاشی نمو کو سپورٹ کریں کیونکہ پالیسی ریٹ میں خاطر خواہ کمی سے نہ صرف معاشی سرگرمیاں تیز ہوں بلکہ حکومت کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہوں گی۔
میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ بروقت اقدام ہمارے معاشی استحکام میں قابل ذکر بہتری کی نشاندہی سمیت ہمارے حالیہ پالیسی اقدامات کی تاثیر کو ظاہر کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کافی حد تک کمی وقت کی ضرورت بن گئی ہے کیونکہ اس سے بینک مارک اپ کی شرحوں کو سنگل ڈیجٹ پر لانے میں مدد ملے گی جس سے کاروباروں اور صارفین کیلئے کریڈٹ مزید سستا ہو جائے گا، سود کی کم شرح سرمایہ کاری کو تحریک دے گی، معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گااور ہماری قوم کی مجموعی خوشحالی میں مددگار ثابت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ نومبر 2024 کیلئے کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پہلے ہی کم ہو کر 4.9فیصد سال بہ سال ہو گیا ہے، جو پچھلے مہینے میں 7.2فیصد تھا۔انہوں نے کہا کہ افراط زر کی اصل شرح نے تمام پیشین گوئیوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ مثبت پیش رفت ہمارے اقتصادی منصوبہ سازوں کی کوششوں اور ہماری کاروباری برادری کی یگانگت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔