جوناتھن ٹروٹ کے معاہدے میں توسیع ، 2025 تک افغانستان کے مردوں کے ہیڈ کوچ کے طور پر برقرار رہیں گے

افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی)نے مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ کے معاہدے میں مزید 12 ماہ کی توسیع کر دی ہے جس کے تحت وہ 2025 کے آخر تک بطور ٹیم ہیڈ کوچ برقرار رہیں گے۔43 سالہ جوناتھن ٹروٹ کا افغانستان کے ساتھ جولائی 2022 میں 18 ماہ کے معاہدے کے ساتھ دور شروع ہوا جس کی تجدید جنوری 2024 میں ایک سال کے لئے کی گئی تھی۔افغانستان نے ان کی تقرری کے بعد سے کھیلے گئے 34 ون ڈے میں سے 14 اور 20ٹی ٹونٹی میچز جیتے ہیں۔ افغانستان کرکٹ ٹیم کے لئے سال 2024 بہت یادگار رہا کیونکہ وہ اپنی تاریخ میں پہلی بار ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھی۔
افغانستان ٹیم نے حال ہی میں شارجہ میں پہلے جنوبی افریقہ اور پھر بنگلہ دیش کو بھی شکست دے کر ون ڈے فارمیٹ کی سیریز میں فتوحات حاصل کیں۔افغانستان کی ٹیم کی 2023 کے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی کارکردگی تسلی بخش رہی تھی تب اس نے پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کیں تھی اور میگا ایونٹ کے ٹاپ 8 رائونڈ میں جگہ بنائی تھی جس کے نتیجے کے طور پر افغانستان کی ٹیم اب آئندہ سال فروری میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں کھیلے گا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ جوناتھن ٹروٹ ذاتی وجوہات کی بناپر زمبابوے میں صرف ون ڈے میچ کے لیے ٹیم کے انچارج ہوں گے۔ اس لیے سابق کھلاڑی حامد حسن اور نوروز منگل ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ کے ہیڈ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔جوناتھن ٹروٹ جو 52 ٹیسٹ،68 ون ڈے اور 7 ٹی ٹونٹی میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔