انگلش پریمیئر لیگ،بورن مائوتھ اور چیلسی نے اپنے میچز جیت لئے

بورن مائوتھ نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں سخت مقابلے کے بعد ایپسوچ ٹائون کو 1-2 گول سے ہرا دیاجبکہ چیلسی نے ٹوٹنہم ہاٹ پور کو 3-4 گول سے ہرا دیا ۔ پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔پورٹ مین روڈ، ایپسوچ میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں بورن مائوتھ نے سخت مقابلے کے بعد ایپسوچ ٹائون کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔بورن مائوتھ کی جانب سے انیس انال اور ڈینگو اواتارا نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ایپسوچ ٹائون کی ٹیم کی جانب سے واحد گول کونور چپلن نے سکور کیا۔ یہ بورن مائوتھ کی لیگ میں ساتویں فتح ہے ۔
ٹوٹنہم ہاٹ پور سٹیڈیم ،لندن کے مقام پر کھیلے گئے ایک اور میچ میں چیلسی کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کےبعد ٹوٹنہم ہاٹ پور کی ٹیم کو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔کول پامر نے دو جبکہ جدون سانچو اور اینزو فرنانڈیز نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم چیلسی کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ٹوٹنہم ہاٹ پور کی ٹیم کی جانب سے ڈومینک سولانکے،ڈیجان کلوسیوسکی اور سین ہیونگ نے ایک، ایک گول سکور کیا۔ کریون کاٹیج، لندن کے مقام پر آرسنل اور فلہم کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوگیا۔