غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیےسمجھوتے پر کام جاری ہے،امریکا
امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیےسمجھوتے پر کام کر رہا ہے ،تاہم ابھی یہ ممکن نہیں ہو سکا ۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے میں پوری سرگرمی کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ یہ سمجھوتہ ہو جائے، اس سلسلے میں علاقے کے متعلقہ افراد کے ساتھ رابطے میں ہیں اور مسلسل کوشش کی جا رہی ہے، امید ہے کہ ہم ایک فائر بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کامیاب ہو جائیں گے۔
ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر نےکہا کہ غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی یقینی بنانے کے معاہدے پر اشاروں کی صورت پیش رفت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اس معاملے میں پیش رفت ہو گی کیونکہ ہم یرغمالیوں کی واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔ جیک سلیوان کے یہ خیالات اس وقت سامنے آئے ہیں جب اسرائیل نے لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے بعد بھی لبنان میں حزب اللہ کو بمباری کا ہدف بنایا ہے۔