سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ پاکستانی سفیر عاصم افتخار
فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، سفارت خانہ اس مقصد کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔پیرس میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات پاکستان مشن پیرس میں کھلی کچہری میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
اس موقع پر انہوں نے موثر قونصلر خدمات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے پر توجہ مرکوز کی۔ پاکستانی سفیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سفارت خانہ اس مقصد کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
انہوں نے شرکاء کو پاکستان سٹیزن پورٹل، او پی ایف اور محتسب کے دفاتر سمیت سرکاری محکموں سے متعلق مسائل اور شکایات کے حل کے لیے مختلف طریقہ کار کے بارے میں بتایا اور کمیونٹی کو ان فورمز سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔
انہوں نے پاکستان اور یورپ کے درمیان براہ راست پروازوں کے حوالے سے، جو کمیونٹی کے اہم اور دیرینہ مطالبات میں سے ایک ہے، ای اے ایس اے کی اجازت کے حوالے سے اعلان کا خیرمقدم کیا جو جلد ہی پیرس کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی ٹھوس کوششوں کا نتیجہ ہے۔