پاکستان شاہینز نے حیدر علی کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا اے کو پہلے ون ڈے میچ میں 108 رنز سے شکست دے دی
پاکستان شاہینز نے حیدر علی کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا اے کو پہلے ون ڈے میچ میں 108 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ، پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے ، حیدرعلی نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، جواب میں سری لنکا اے 198 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، شرون سراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں ، حیدر علی کو مرد میدان قرار دیا گیا ، گزشتہ روز اسلام آباد کلب میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا اے کے کپتان نووانیندو فرنینڈو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،
پاکستان شاہینز نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے ، حیدر علی نے 94 گیندوں پر 108 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے ، دیگر بیٹرز میں عبدالصمد 56 ، شرون سراج 42 ، محمد حارث 36 اور کپتان محمد ہریرہ 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، سری لنکا اے کی طرف سے ایشان مالنگا نے تین جبکہ دلشان مادوشنکا اور چمندو وکرماسنگھے نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، سری لنکا اے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 39.4 اوورز میں 198 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، چمندو وکرما سنگھے 47 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، سونال دنوشا نے 38 اور ساہان آراچیج نے 35 رنز بنائے ،
پاکستان شاہینز کی طرف سے شرون سراج نے 3 اور عمران جونیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں، حیدر علی شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ، واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 27 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے 29 نومبر کو کھیلا جائے گا ، دونوں میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، یاد رہے کہ ون ڈے سیریز سے قبل کھیلی گئی دو چار روزہ میچوں کی سیریز پاکستان شاہینز نے 0-1 سے جیتی تھی۔