ٹاپ نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف کی سری نگر ہائی وے پر احتجاجیوں کی جانب سے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی سے حملے کی شدید مذمت

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سری نگر ہائی وے پر احتجاجیوں کی جانب سے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے، پاکستان کسی بھی انتشار اور خون ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، مذموم سیاسی مقاصد کے لئے خون ریزی نا قابل قبول ہے۔

منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حملے میں گاڑی سے کچلے گئے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیرِ اعظم نے واقعہ میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے رینجرز و پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نام نہاد پر امن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں، انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے، پولیس و رینجرز کے اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کے لئے مامور ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ انتشاری ٹولے کے ہاتھوں شہید سکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کی زندگیاں تباہ کر دی گئیں،انتشاری ٹولہ گزشتہ روز پولیس اہلکار اور آج شہید کئے گئے رینجرز اہلکاروں کے معصوم بچوں و اہلِ خانہ کو جوابدہ ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں خونریزی چاہتا ہے، یہ پُر امن احتجاج نہیں شدت پسندی ہے اور پاکستان کسی بھی انتشار اور خون ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، مذموم سیاسی مقاصد کے لئے خون ریزی نا قابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم شہید ہونے والے رینجرز و پولیس کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button