بانی پی ٹی آئی این آر او چاہتے ہیں مگر پی ٹی آئی کا طرز سیاست ٹھیک نہیں: ناصر شاہ
سندھ کے صوبائی وزیرتوانائی ناصر شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جلاؤ گھیراؤ کرتی ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کے اعلان میں بھی ایسا ہی ہوا۔
سندھ کرافٹ فیسٹیول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی توڑ پھوڑ اور انتشار کی سیاست کرتی ہے، پی ٹی آئی والے 9 مئی سے متعلق جھوٹ بولتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا کیس لڑنے کی بجائے سیاست کر رہے ہیں۔ ان کی رہائی احتجاج سے نہیں عدالتوں سے ہوگی۔
ناصر شاہ نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی امن کے دھارے میں رہے، بانی پی ٹی آئی اگر غلطی مان لیں تو اس میں کیا حرج ہے۔
صوبائی وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے معافی مانگنے سے ان کا جرم تو ختم نہیں ہوگا لیکن ایک سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہر احتجاج دوسرے ممالک کے سربراہان کی آمد پر ہی کیوں ہوتا ہے؟ خیبر پختونخوا حکومت قیام امن کے بجائے مسلح جتھوں کے ساتھ وفاق پر چڑھائی کرنے میں مصروف ہے۔