آسٹریلیا میں منعقدہ گلوبل سورسنگ ایکسپو میں پاکستان پولین کو "بہترین پویلین” کا ایوارڈ حاصل
آسٹریلیا میں منعقدہ تجارتی نمائش گلوبل سورسنگ ایکسپو میں پاکستان پولین کو "بہترین پویلین” ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر جام کمال خان کی ہدایت پر عالمی نمائش میں پاکستان کی مصنوعات کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ۔
گلوبل سورسنگ ایکسپو میلبرن میں پاکستان کے پویلین نے اپنی منفرد ڈیزائن اور اعلیٰ معیار کے ساتھ سب کو متاثر کیا۔ چین، بھارت، ویتنام اور دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کا پویلین نمایاں رہا۔ گلوبل سورسنگ ایکسپو میں پاکستان کی 21 کمپنیوں نے ٹیکسٹائل، لیدر اور ہوم ٹیکسٹائل مصنوعات کی نمائندگی کی۔
ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے ٹی ڈی اے پی کی جانب سے شیلڈ وصول کی۔ اس اہم کامیابی پر وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستانی برآمدات کے لیے ہمارے عزم اور محنت کا مظہر ہے۔پاکستانی پویلین کی کامیابی نے بین الاقوامی مارکیٹس میں ملکی مصنوعات کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ۔