وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی کاپ 29 کے صدر مختار بابائیف سے ملاقات
وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم کی قیادت میں اعلیٰ سطحی چھ رکنی پاکستانی وفد نے جمعرات کو کاپ 29 کے صدر اور آذربائیجان کے ماحولیات اور قدرتی وسائل کے وزیر مختار بابائیف سے ملاقات کی اور ان سے مشترکہ ماحولیاتی پائیداری کے لیے مل کر کام کرنے سمیت دوطرفہ مفادات کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
رومینہ خورشید عالم نے کاپ 29 کی صدارت کو خاص طور پر سراہا اور انہیں آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں 29 ویں کانفرنس آف پارٹیز کے کامیاب انتظامات پر حکومت پاکستان کی جانب سے مبارکباد پیش کی جس میں 196 سے زائد ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں جو موسمیاتی فنانس، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیت کی تعمیر سے متعلق معاملات پر بات چیت کر رہے ہیں۔
کاپ 29 کے صدر مختار بابائیف نے وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں موسمیاتی خطرات سے نمٹنے اور پاکستان کے لوگوں اور ان کے ذریعہ معاش کے لیے موسمیاتی لچک پیدا کرنے میں آذربائیجان کی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم نے 12 نومبر کو پاکستان کے زیر اہتمام اعلیٰ سطح کے کلائمیٹ فنانس رائونڈ ٹیبل میں آذربائیجان کے وزیر خارجہ کی شرکت کو بھی سراہا۔