قومی

شارجہ پاکستان بزنس گول میز کانفرنس کا انعقاد، اقتصادی ترقی کے مشترکہ وژن پر اظہار خیال

:شارجہ ایف ڈی آئی آفس (شارجہ میں سرمایہ کاری) اور شارجہ میں پاکستان بزنس کونسل نے شارجہ پاکستان بزنس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں 200 سے زائد سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد نے شارجہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کرنے کے لئے شرکت کی۔

قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق شارجہ میں ہونے والی گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مشترکہ اقدار، روایات اور ترقی کے لئے اجتماعی عزم پر استوار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت باہمی اعتماد کا اشتراک کرتی ہے اور سیاسی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کی مضبوط خواہش رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی لچکدار معیشت، افرادی قوت اور وسیع قدرتی وسائل کے ساتھ باہمی تعاون کے وسیع امکانات رکھتا ہے۔ پاکستان کی معیشت متنوع ہے جس میں زراعت، ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں مواقع موجود ہیں۔ شارجہ کے سرمایہ کار اور کاروباری ادارے ان شعبوں میں شراکت داری کی تلاش سے بہت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

قونصل جنرل نے شارجہ میں پاکستان بزنس کونسل کے حالیہ قیام کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کونسل پاکستانی سرمایہ کاروں کی مدد، شراکت داری کو آسان بنانے اور باہمی اقتصادی مفادات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔تقریب میں شارجہ میں حکومتی تعلقات کے محکمے (ڈی جی آر) کے چیئرمین شیخ فہیم القاسمی نے شرکت کی جنہوں نے شارجہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کی۔شارجہ میں سرمایہ کاری کے سی ای اومحمد جمعہ المشرخ نے شارجہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط اقتصادی پل کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی احترام اور اعتماد پر زور دیا۔ انہوں نے شارجہ کے پھلتے پھولتے کاروباری ایکو سسٹم اور پاکستان کی متحرک صنعتوں کو تکمیلی طاقت قرار دیتے ہوئے مزید تعاون کے امکانات پر اعتماد کا اظہار کیا۔

گول میز کانفرنس میں ایک بصیرت افروز پینل مباحثہ پیش کیا گیا جس میں شارجہ اور پاکستان کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ ان میں شارجہ پبلشنگ سٹی فری زون کے ڈائریکٹر سیف السویدی، شارجہ میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معاونت کے ڈائریکٹر مروان علیچلا، دیار گروپ کے بانی اور چیئرمین عامر حسن اور شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کونسلز اور کامن کمیٹیز سیکشن کے سربراہ حبا المرزوقی شامل تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button