ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اربوں ڈالرز کی ضرورت ہے: وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے خصوصی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے باکو میں کلائمیٹ فنانس گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اہم کانفرنس میں شرکت پر شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نےکہا کہ ترقی پذیر ملکوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اگلے 6 سال میں ،6 ہزار 800 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان کو ماضی قریب میں 2 تباہ کن سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، اب تک سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے نکل نہیں سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ ترقی یافتہ ملکوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے آگےآنا ہوگا، یو این فریم ورک پر عمل کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، مشترکہ کوششوں سے ہی پیرس معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکتا ہے۔