’جرائم پیشہ افراد سکیورٹی گارڈز بن گئے ہیں‘ کراچی پولیس چیف کا اظہار تشویش
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد سکیورٹی گارڈز بن گئے ہیں اور یہ ایک نیشنل کنسرن بن گیا ہے۔
کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے قانون سازی کرنے جا رہے ہیں، سکیورٹی کمپنیز کے مالکان نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو ان کیخلاف کرمنل ایکٹ کا مقدمہ بنایا جائے گا۔
جاوید عالم اوڈھو کمیونٹی پولیسنگ کراچی کی جانب سے چائنیز قونصل خانے کے اطراف لگنے والے آٹھ جدید کیمروں کے پراجیکٹ کا افتتاح کرنے کیلئے بوٹ بیسن تھانے پہنچے اور مانیٹر نگ روم کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی گارڈز اور کمپنیز کا معاملہ اس وقت ہمارا نیشنل کنسرن ہے، سکیورٹی گارڈز کے حوالے سے ہوم ڈپارٹمنٹ قانون سازی کرنے جا رہا ہے جس کے بعد بہت سی باتوں پر ایکشن لینے کے قابل ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرمنلز سکیورٹی گارڈ بن گئے ہیں، اسپیشل برانچ، آئی بی اور دیگر ایجنسیوں نے اس حوالے سے ورکنگ شروع کردی ہے، سکیورٹی کمپنیوں کے مالکان نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو کرمنل ایکٹ کا مقدمہ ان پر درج کریں گے۔
ایڈیشنل آئی جی کا مزید بتانا تھا کہ کالے شیشے، فینسی نمبر پلیٹ اور اسلحے کی نمائش پر ہمارا سخت ایکشن جاری ہے، ایک ہفتے میں لگ بھگ 6 ہزار چالان کئے گئے ہیں جبکہ 940 کے قریب مقدمات درج کرکے ہم نے گاڑیاں ضبط کیں اور لوگ گرفتار کئے۔