کاروباری

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات کے موقع پر منعقدہ خصوصی استقبالیہ میں شرکت

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پیر کو پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات کے موقع پر منعقدہ خصوصی استقبالیہ میں شرکت کی۔

یہ تقریب ڈنمارک کے سفیر جیکب لِنلف کی میزبانی میں ہوئی جس میں ڈنمارک کی سٹیٹ سیکریٹری لزبیٹ زیلمر جونز اور دیگر پاکستانی و ڈنمارکی اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔ تقریب کا موضوع "75 سال سبزہ زار ایک ساتھ” تھا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور ماحولیاتی شراکت داری کو فروغ دینا تھا۔

تقریب کی خاص بات ڈنمارک کی رہائش گاہ کو ایک آرٹ گیلری میں تبدیل کرنا تھی جس میں 33 پاکستانی فنکاروں کے ماحولیاتی فن پارے پیش کیے گئے۔ یہ فن پارے پاکستان اور ڈنمارک کے سرسبز مستقبل کا مشترکہ ویژن تھا ۔ وفاقی وزیر محمد اورنگزیب نے ڈنمارک کی حکومت کا پاکستان کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز، خصوصاً 2022 کے سیلاب اور فضائی آلودگی سے نمٹنے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان کی گرین ٹرانزیشن کو فروغ دینے کے لیے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا جن میں ڈینش انرجی ٹرانزیشن انیشی ایٹو (DETI) کی توسیع اور سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (SDPI) کے ساتھ کاربن مارکیٹ پر مبنی ڈینش کی مالی اعانت سے چلنے والا نیا منصوبہ شامل ہے ۔

تقریب میں ڈنمارک کی کمپنی FLSmidth نے پائیدار کان کنی کے فروغ کے لیے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں (MOUs) پر دستخط کیے جبکہ پورٹ قاسم پر نئی ICT لاجسٹک سہولت کے قیام کے ذریعے لاجسٹکس میں ڈنمارک کی مہارت کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب کا اختتام پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان پائیداری، اقتصادی ترقی اور سفارتی تعلقات میں مزید تعاون کے عزم پر ہوا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button