بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر مقیم ناساکے خلا بازوں نے امریکی انتخابات میں خلا سے ووٹ کاسٹ کر کے تاریخ رقم کر دی
بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر مقیم خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناساکے خلا بازوں نے امریکی انتخابات میں خلا سے ووٹ کاسٹ کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق خلائی مسافر بچ ولمور نے ٹینیسی ٹیک یونیورسٹی میںگفتگو کے دوران خلا سے ووٹ کاسٹ کرنے کے تجربے کا ذکر کیا۔
واضح رہے کہ ناسا کے چار خلا باز اس وقت زمین کے مدار میں موجود بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر مقیم ہیں۔ ان چاروں خلا بازوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے ایبسنٹی بیلٹ کی درخواست کی تھی۔
یہ اقدام خلابازوں کی طرف سے خلا میں قیام کے باوجود اپنے شہری فرائض کی ادائیگی سے وابستگی کو اجاگر کرتا ہے۔ٹیکساس میں ہیرس کاؤنٹی کلرک آف کورٹ آفس نے بتایا کہ ناسا کے خلابازبچ ولمور، سنی ولیمز اور ڈان پیٹیٹ نے انتخابات کے دن سے ایک روز قبل بین الاقوامی خلائی سٹیشن (آئی ایس ایس) سے اپنا ووٹ ڈالا۔
ہیرس کاؤنٹی کے 12 لاکھ سے زیادہ ابتدائی ووٹرز میں شامل خلابازوں نے انتخابات کے دن ووٹ کاسٹ کرنے کے موقع پر انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی ۔ خلا سے ووٹنگ ناسا کے نیئراسپیس نیٹ ورک کے ذریعے ممکن بنائی جاتی ہے، جو خلائی سٹیشن اور مشن کنٹرول کے درمیان دیگر ڈیٹا کے تبادلے کی طرح آئی ایس ایس سے زمین پر بیلٹ منتقل کرتا ہے۔