قومی

رومینہ خورشید عالم کی ادارہ ماحولیات کو دارالحکومت کی ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت

موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم نے پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکی ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق دارالحکومت اور اس کے گردونواح میں حالیہ دنوں میں ہوا کے تیزی سے بگڑتے معیار کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر نے پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مسئلے سے خوش اسلوبی سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اکتوبر کے وسط کے آغاز سے اسلام آباد میں ہوا کی بگڑتی صورتحال مزیدمتاثر ہو رہی ہے جس سے شہر کا ماحول مزید آلودہ ہو گیا ہے اوربڑھتی ہوئی آلودگی، دھول اور گاڑیوں کے دھویں نے سموگ کے خطرے کیگھنٹی بجادی ہے۔

متعدد شہری علاقوں کی طرح اسلام آباد میں ہوا کے خراب معیار کو کئی عوامل سے منسوب کیا جاسکتا ہے، اہم وجوہات میں گاڑیوں سے دھویں کا اخراج، صنعتی آلودگی، تعمیراتی دھول، فضلہ اور فصلوں کی باقیات کو جلانا شامل ہے۔ بیان کے مطابق شہر میں ہوا کے خراب معیار کے ذمہ دار ان ڈرائیوروں سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ماحولیاتی ضوابط اور جرمانے کے سخت نفاذ کی ضرورت ہے اور آلودگی سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے فضلہ کے انتظام کے بہتر طریقوں اور عوامی بیداری کی مہمات کو اپنانا ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات کے لیے ضروری ہے۔

رومینہ خورشید عالم نے شہر یوں پر زور دیا کہ وہ فضلہ اور فصلوں کی باقیات کو جلانے سے گریز کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے شہر کے کچرے کو جمع کرنے والے حکام پر بھی زور دیا کہ وہ مقررہ جگہوں سے کچرے کو باقاعدگی سے جمع کریں اور اسے ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار اور سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگائیں۔

پاک ای پی اے حکام نے کہا کہ دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیئے جا رہے ہیں تاکہ صحت عامہ کو اس کے مضر اثرات سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں موبائل سٹیشن اور کم لاگت کے کوالٹی مانیٹرنگ سینسر کے ذریعے ہوا کے معیار کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔

دارالحکومت کے ماحولیاتی نگراں ادارے نے کہا کہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اس وقت پارک روڈ کو کشادہ کرنے، ٹینتھ ایونیو کی تعمیر اورآئی جے پی روڈ کو چوڑا کرنے پر ابتدائی کام سمیت کئی بڑے تعمیراتی منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نئے فلائی اوور بھی بنائے جا رہے ہیں۔ یہ تعمیراتی سرگرمیاں بے ہنگم ٹریفک کا باعث بن رہی ہیں جس کے نتیجے میں اسلام آباد میں ہوا کا معیار خراب ہورہا ہے۔ پاک ای پی اے نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ وہ ہوا کے معیار کو بہتر بنانے اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے فضائی اور صوتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم نے تمام متعلقہ سرکاری محکموں پر زور دیا کہ وہ پاک ای پی اے کے ساتھ مل کر اخراج کے سخت معیارات کو نافذ کرنے اور آلودگی کے مضر صحت اثرات سے متعلق عوامی آگاہی کے پروگراموں کو نافذ کرنے کے لیے ریگولیٹری اقدامات کوفروغ دیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button