راولپنڈی ٹیسٹ ، پاکستان کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز پر آئوٹ ، انگلینڈ کے دوسری اننگز میں 24 رنز پر 3 وکٹیں گر گئیں
پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز میں 344 رنز بنا آئوٹ ہوگئی، سعود شکیل کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری حاصل کی، انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لئے اور اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 53 رنز درکار ہیں۔ جمعہ کے روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے انگلینڈ کے 267 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز 73 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ آغاز کیا تو شان مسعود اور سعود شکیل 16، 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ دوسرے دن کے آغاز میں کپتان شان مسعود اور سعود شکیل کی شراکت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور 99 کے مجموعے پر پاکستان نے اپنی چوتھی وکٹ کھو دی جب شان مسعود 70 گیندوں پر 26 رنز بنا کر شعیب بشیر کی گیند پر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔151 کے مجموعی سکور پر محمد رضوان 46 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ 155 کے مجموعی سکور پر سلمان آغا ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں کو ریحان احمد نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
پاکستان کا ساتواں کھلاڑی 177 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گیا جب عامر جمال 28 گیندوں پر 14 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔اس موقع پر سعود شکیل نے نعمان علی کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانے کاسلسلہ شروع کیا اور مجموعی سکور کو 265 تک پہنچا دیا، نعمان علی نے 84 گیندوں پر 45 رنز بنائے اور شعیب بشیر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد سعود شکیل نے ساجد خان کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا اور اپنی شاندار سنچری مکمل کی، وہ 223 گیندوں پر 134 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ایٹکنسن کی گیند پر متبادل کھلاڑی ایم جے پوٹس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تو اس وقت پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 70 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی جبکہ پاکستان کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی زاہد محمود بغیر کوئی رن بنائے ریحان احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اس طرح پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر انگلینڈ پر 77 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ انگلش بائولر ریحان احمد نے 4، شعیب بشیر نے 3 اور گاس ایٹکنسن نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ جیک لیچ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں کیا، جب 3 انگلش بلے باز صرف 24 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے ۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ 15 کے مجموعی سکور پر گری جب بین ڈکٹ 12 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ بھی اسی مجموعے پر گری، زیک کرولی 2 رنز بنا کر نعمان علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ 20 کے مجموعی سکور پر گری، جب اولی پوپ ایک رن بنا کر نعمان علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 24 رنز بنالئے اور اس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری کو ختم کرنے کے لیے انہیں ابھی 53 رنز کی ضرورت ہے۔