وفاقی وزارت تعلیم کے زیراہتمام گرلز سپورٹس کارنیول 2024 اختتام پذیرہوگیا
وفاقی وزارت تعلیم کے زیراہتمام گرلز سپورٹس کارنیول 2024 کامیابی کیساتھ اختتام پذیرہوگیا۔ آرمی پبلک سکول ہمایوں روڈ راولپنڈی نے فٹ بال، باسکٹ بال اور ٹیبل ٹینس میں گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔ بیڈمنٹن میں پشاوربورڈ، والی بال میں مردان بورڈ اور ٹینس میں اسلام آبادماڈل کالج فار گرلز ایف سیون ٹو اسلام آباد نے گولڈ میڈلز حاصل کیے جبکہ ایتھلیٹکس میں مجموعی طور پر پشاور بورڈ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پشاور بورڈ کی راشدہ بہترین ایتھلیٹ قرار پائیں۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرح نازاکبر، آسٹریا کی سفیر اینڈریا وک، وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی،چیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق، چیئرمین ایچ ای سی ، سیکرٹری آئی بی سی سی اور دیگر مہمانوں نے اختتامی تقریب میں انعامات تقسیم کیے۔
فیڈرل بورڈ اور ایف ڈی ای کے اشتراک سے منعقدہ تین روزہ گرلز سپورٹس کارنیول میں ملک بھر سے 4ہزار سے زائد طالبات نے 7مختلف کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایتھلیٹکس میں مجموعی طور پر پشاور بورڈ نے پہلی، ایف جی کالج ہوم اکنامکس ایف الیون ون اسلام آباد نے دوسری اور اے پی ایس ہمایوں روڈ راولپنڈی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بیڈمنٹن میں پشاور بورڈ نے گولڈ، راولپنڈی بورڈ نے سلور،اے پی ایس ہمایوں روڈ راولپنڈی نے برونز،ٹیبل ٹینس میں اے پی ایس ہمایوں روڈ راولپنڈی نے گولڈ، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسلام آبادنے سلور جبکہ آئی ایم سی جی ایف سیون ٹو اسلام آباد نے برونز، باسکٹ بال میں اے پی ایس ہمایوں روڈ راولپنڈی نے گولڈ، مردان بورڈ نے سلور اور بحریہ کالج اسلام آباد نے برونز ، ٹینس میں آئی ایم سی جی ایف سیون ٹو اسلام آباد نے گولڈ، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے سلور اور ایف جی کالج ہوم اکنامکس ایف الیون ون نے برونز، والی بال میں مردان بورڈ نے گولڈ، سوات بورڈ نے سلور اور آئی ایم سی جی ایف سیون ٹو نے برونز جبکہ فٹ بال میں اے پی ایس ہمایوں روڈ راولپنڈی نے گولڈ، مردان بورڈ نے سلور اور آئی سی جی ایف سکس ٹو اسلام آباد نے برونز میڈلز اپنے نام کیے۔