کھیلوں کی دنیا

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: نیوزی لینڈ کے 110 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 56 رنز پر ڈھیر

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے 110 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 56 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی بولرز نے تو اچھی بولنگ کی لیکن فیلڈرز ساتھ نہ دے سکیں۔ ایک دو نہیں 7 کیچز گرائے۔

کیوی اوپنر سوزی بیٹس نے 28 رنز بنائے، مڈل میں بروک ہیلی ڈے نے 22 اور سوفی ڈیوائن نے 19 رنز اسکور کیے۔ نیوزی لینڈ نے 6 وکٹ پر 110 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے نشرح سندھو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان ویمنز کو 111 رنز کا ہدف 10.4 اوورز میں پورا کرنا تھا، جس کےلیے بیٹنگ آرڈر بھی تبدیل کیا گیا لیکن تجربہ ناکام ہوگیا اور آدھی ٹیم 28 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

کپتان فاطمہ ثنا نے 21 رنز کی اننگز کھیلی، ڈبل فیگر میں داخل ہونے والی دوسری بیٹر منیبہ علی نے 15 رنز بنائے اور پوری ٹیم 56 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی۔

یہ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ویمنز کا کم ترین اسکور ہے، اس سے قبل 2009 میں انگلینڈ کےخلاف 60 رنز پاکستان ویمنز کا کم ترین اسکور تھا۔

نیوزی لینڈ نے 54 رنز کی فتح کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جب کہ ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کا سفر گروپ اسٹیج پر ہی ختم ہوگیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button