عالمی

لبنان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے متحدہ عرب امارات میں سرکاری سرپرستی میں فلاحی مہم کا آغاز

لبنان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے متحدہ عرب امارات میں سرکاری سرپرستی میں ایک فلاحی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق صدار تی عدالت برائے ترقی اور فالن ہیروز افیئرز کے ڈپٹی چیئرمین، اور بین الاقوامی انسانی اور فلاحی کونسل کے چیئرمین شیخ طیب بن محمد بن زید النہیان نے لبنان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی میں ایک فلاحی مہم کا آغاز کیا ہے جس کو’’ متحدہ عرب امارات لبنان کے ساتھ کھڑا ہے” کا نام دیا گیا ہے۔یہ مہم 8 اکتوبر سے شروع ہو کر 21 اکتوبر تک جاری رہے گی جس کا مقصد کمیونٹی، اداروں اور سرکاری شعبے اور نجی شعبے کی تنظیموں کو لبنان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے متحرک اور شامل کرنا ہے۔

وام کے مطابق اس مہم کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے شیخ طیب بن محمد بن زاید النہیان نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے لبنان کی عوام کی مشکل انسانی صورتحال میں مدد کرنے کو انتہائی اہمیت دینے پر زور دیا ہے۔انہوں نے متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی یعنی عوام، کاروباری اداروں اور اداروں پر اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ بحرانی صورتحال کا سامنا کرنے والے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ان کی مدد کریں گے۔

مہم کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے لبنان کے عوام کی مدد کے لیے ملک کی کوششوں کے حصے کے طور پر 100 ملین امریکی ڈالر کے فوری امدادی پیکج کا حکم دیا ہے۔متحدہ عرب امارات نے تقریبا 205 ٹن طبی سامان، خوراک، امدادی سامان اور پناہ گاہوں کے سامان سے بھرے 6 طیارے بھیجے ہیں ۔ یہ کام عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف)، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز جیسے بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے کیا گیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button