کھیلوں کی دنیا

ملتان ٹیسٹ، پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لئے، شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریاں

پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ کے پہلے روز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لئے، کپتان شان مسعود اور اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق نے شاندار سنچریاں سکور کیں۔ پیر کے روز ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونے والے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا تاہم جلد ہی پہلی وکٹ گر گئی جب صائم ایوب 8 کے مجموعی سکور پر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد نئے آنے والے بیٹر کپتان شان مسعود نے عبد اللہ شفیق کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھانا شروع کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز بنا کر ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر پہنچا دیا۔ اس دوران دونوں بیٹرز نے شاندار سنچریاں سکور کیں، شان مسعود نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنی پانچوی سنچری مکمل کی۔

261 کے مجموعی سکور پر عبد اللہ شفیق 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو صرف دو رنز کے اضافے کے بعد کپتان شان مسعود بھی 151 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد نئے آنے والے بیٹرز بابر اعظم اور سعود شکیل نے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 324 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گری جب بابراعظم 30 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لئے، سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے کریزپرموجود ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے گاس ایٹکنسن نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button