اسرائیلی حملوں کے باعث عالمی امن فوج لبنان میں گشت نہیں کر سکتی، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے باعث لبنان میں عالمی ادارے کے زیر انتظام امن فوج (یونیفل)اپنا گشت انجام نہیں دے سکتی۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات یواین سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ یونیفل کی فورسز امن مشن کے زیر انتظام علاقے میں اپنے ٹھکانوں پرہیں ، لڑائی کی شدت فورس کو ان ذمے داریوں کی انجام دہی سے روک رہی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ ہم ہر گھڑی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں ، یونیفل کے بعض شہری ملازمین کو علاقے سے نکال لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یونیفل کی فورس جس کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہے 1978 سے جنوبی لبنان میں تعینات ہے، اس نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحدی علاقے کی سکیورٹی سنبھال رکھی ہے، یہ فورس سلامتی کونسل کی قرار داد 1701 پر عمل درآمد کی نگرانی کی ذمے دار ہے۔ قرار داد کے مطابق جنوبی لبنان میں صرف لبنانی فوج اور یونیفل فورس تعینات ہو سکتی ہیں،مزید یہ کہ یونیفل فورس پوری بلیو لائن پر گشت انجام دینے کی ذمے دار ہے، یہ وہ لائن ہے جس کا تعین اقوام متحدہ نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان کررکھا ہے۔