قومی

قائداعظم کی انتھک جدوجہد، غیر متزلزل عزم اور جمہوری اصولوں سے گہری وابستگی نے خودمختار پاکستان کی بنیاد رکھی،بلاول بھٹوزرداری کابابائے قوم کی 76ویں برسی کے موقع پرپیغام

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو ان کی 76 ویں برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، اتحاد اور استحکام کے لئے ان کے وژن اور قیادت کی دائمی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ قائداعظم کی انتھک جدوجہد، غیر متزلزل عزم اور جمہوری اصولوں سے گہری وابستگی نے مضبوط، آزاد اور خودمختار پاکستان کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی جدوجہد صرف ایک الگ وطن کے قیام کے لئے نہیں تھی بلکہ منصفانہ اور مساوی ریاست کے لئے تھی جہاں قانون کی حکمرانی ہو اور ہر شہری چاہے اس کا مذہب، نسل یا طبقہ کچھ بھی ہو، برابر کا حق رکھتا ہو۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیا کہ ہمیں قائد کے نظریات سے ازسرِنو رجوع کرناچاہئے کیونکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے ، خوشحال اور متحد پاکستان کے قیام کے لئے یہ اصول انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم کے وژن کو آگے بڑھانے کے حوالے سے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے کردار کو بھی اجاگر کیا ۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کے آئین کے ذریعے پاکستان کو مضبوط بنیاد فراہم کی ، انہوں نے جوہری دفاع کی بنیاد رکھی جس سے قوم کی خودمختاری اور دفاع کو یقینی بنایا گیا۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط، پسماندہ طبقات کے حقوق کا تحفظ کیا اور عوام کو بااختیار بنایا، یوں ہر لحاظ سے قائد کے وژن کو زندہ رکھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے قائد اعظم کے نظریات کے ساتھ اپنی جماعت کی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا اور اس بات کا عہد کیا کہ وہ ایسے پاکستان کی تعمیر کے مشن کو جاری رکھیں گے جہاں ہر شہری کو یکساں مواقع حاصل ہوں، انصاف کی بالادستی ہو اور جمہوری اقدار کی پاسداری کی جائے۔انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ اتحاد، رواداری اور اجتماعی ترقی کے لئے جدوجہد کرکے قائداعظم کی میراث کا احترام کرے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button