قائداعظم محمد علی جناح کی تعلیمات اور رہنمائی پر عمل کرکے پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری کا قائداعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی پر پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کو ان کی 76 ویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد نے نہ صرف پاکستان کے جمہوری نظام کی بنیاد رکھی بلکہ وہ آج بھی پارلیمانی جمہوریت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ہمارے لیے مشعل راہ ہے، ان کی تعلیمات اور رہنمائی پر عمل کرکے ہم پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے قائداعظم کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم قائداعظم محمد علی جناح کو ان کی 76 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہم برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کیلئے ان کی کاوشوں اور کردار کے ممنون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے ایک ایسے وطن کیلئے جدوجہد کی جہاں مسلمان باوقار زندگی بسر کریں اور اپنے سیاسی، ثقافتی اور مذہبی حقوق کا استعمال کر سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کو ایک جھنڈے تلے متحد کیا، پوری قوم حق خودارادیت کیلئے قائد کی انتھک جدوجہد اور غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اپنی انتھک جدوجہد کی بدولت کروڑوں مسلمانوں کی تقدیر بدل دی، پاکستان کے لیے قائداعظم کا وژن بنیادی طور پر جمہوری تھا اور وہ ایک ایسی ریاست کے خواہاں تھے جہاں تمام شہری قانون کے سامنے برابر ہوں گے۔
– Advertisement –
آصف علی زرداری نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد نے نہ صرف پاکستان کے جمہوری نظام کی بنیاد رکھی بلکہ وہ آج بھی پارلیمانی جمہوریت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم نے ہندوستان کے پیچیدہ سیاسی منظر نامے میں ہندوستان کے مسلمانوں کی کامیابی سے رہنمائی کی اور مسلمانوں کے حقوق کے بارے میں اپنے غیر متزلزل موقف کو برقرار رکھا، ان کی مضبوط قوت ارادی، محنت اور مسلمانوں کی کامیاب وکالت کی بدولت ہی ہندوستان کی تقسیم ایک حقیقت بنی۔
صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن ہم نہ صرف ان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہیں بلکہ قائد کی اقدار اور نظریات کے لیے خود کو وقف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم جمہوریت اور سماجی و اقتصادی انصاف کے اسلامی اصولوں پر مبنی پاکستان کے خواہاں تھے، ہمیں اپنے ملک کی ترقی کے لیے ”اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط“ کے اصولوں کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ قائداعظم کی تعلیمات اور رہنمائی پر عمل کرکے ہم پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔