ٹاپ نیوز

ملک کو سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے ،حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں،وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا عشائیہ سے خطاب

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، بجلی کے بلوں کے حوالے سے غریب اور کم آمدنی والے طبقات کے لئے اقدامات،حکومتی حجم کم کرنے اور خرچے میں کمی کے حوالے سے رائٹ سائزنگ اور ڈاؤن سائزنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے،کل ایک سیاسی جماعت کے جلسے میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عشائیے میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی نے شرکت کی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے حکومتی امور میں تعاون پر اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عشائیے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے،معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی قوم کیلئے خوشخبری سے کم نہیں،2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجیٹ پر چھوڑ کر گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں جس کے فضل کے طفیل ملک وقوم کے لئے بتدریج بہتری کے آثار پیدا ہورہے ہیں۔ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی جو جدوجہد ہم نے اپریل2022 میں شروع کی تھی، اللہ تعالی کے فضل وکرم سے وہ نہ صرف کامیابی سے ہمکنارہوئی بلکہ اس کے نتیجے میں مہنگائی میں کمی کی ابتدا بھی ہوئی،ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ،وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت نہ صرف معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے،خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ انکی پریشانیوں کو کم کر کے ہی دم لیں گے،

شہبازشریف نے کہا کہ حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں،عام آدمی کی زندگی کو آسان اور اسکی معاشی خوشحالی کے بغیر پاکستان کی ترقی کے ہدف کا حصول ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی ڈیجیٹائز یشن حکومت کی اولین ترجیح ہے ؛ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی مکمل ڈیجیٹائز یشن کا آغاز اس حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے، بجلی کے بلوں کے حوالے سے غریب اور کم آمدنی والے طبقات کے لئے اقدامات کر رہے ہیں،حکومتی حجم کم کرنے اور خرچے میں کمی کے حوالے سے رائٹ سائزنگ اور ڈاؤن سائزنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے ،پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے ،کل ایک سیاسی جماعت کے جلسے میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا لیکن بدقسمتی سے اس نے دوبارہ سر اٹھایا ہے،دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز نےحالیہ معاشی استحکام پر وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔ اتحادی جماعتوں کے ارکین پارلیمنٹ نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button