اوپیک پلس ممالک کا تیل کی پیداوار میں رضاکارانہ کمی کی مدت کو نومبر 2024 کے آخر تک بڑھانے پر اتفاق
اوپیک پلس ممالک نے تیل کی پیداوار میں رضاکارانہ کمی کی مدت کو نومبر 2024 کے آخر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق یہ فیصلہ ان ممالک کی جانب سے اپریل اور نومبر 2023 میں اضافی رضاکارانہ کٹوتیوں کا اعلان کرنے کے بعد کیا گیا، جن میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، روس، عراق، کویت، قازقستان، الجیریا اور عمان شامل ہیں۔
ان ممالک کے وزراء کی ایک ورچوئل میٹنگ منعقد ہوئی جس میں رضاکارانہ پیداوار ایڈجسٹمنٹ کی مکمل تعمیل کو یقینی بنانے کے اجتماعی عزم کا اظہار کیا گیا۔میٹنگ میں شریک آٹھ ممالک نے اپنی اضافی رضاکارانہ پیداوار میں کمی کو 2.2 ملین بیرل یومیہ دو ماہ کے لیے نومبر 2024 کے آخر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے بعد یہ کٹوتیاں یکم دسمبر 2024 سے ماہانہ بنیادوں پر بتدریج ختم کی جائیں گی، جس میں ضرورت کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کو روکنے یا واپس لینے کی لچک ہوگی۔تیل کی زیادہ پیداوار دینے والے ممالک نے بھی اپنی اس عہد کی دوبارہ تصدیق کی کہ ستمبر 2025 تک زیادہ پیدا ہونے والی پوری مقدار کی مکمل تلافی کر دی جائے گی۔اگست 2024 میں، سعودی عرب، روس، متحدہ عرب امارات، کویت، الجیریا، اور عمان نے عراق اور قازقستان کے ساتھ دو وزارتی اجلاس منعقد کئے۔ دونوں ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ مکمل طور پر معاہدے کی پاسداری کریں اور جنوری 2024 سے زیادہ پیدا ہونے والی مقدار کی تلافی کریں۔