قومی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سابق وفاقی وزیر سلیم سیف اللہ خان کی ملاقات، سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سابق وفاقی وزیر سلیم سیف اللہ خان نے ملاقات کی ، ملاقات میں خیبرپختونخوا اور بالخصوص جنوبی اضلاع کی سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چشمہ لفٹ کینال خیبرپختونخوا کا دیرینہ مطالبہ تھا ،وفاقی بجٹ میں اس منصوبہ کیلئے 19ارب روپے مختص کرنے پر میں وزیر اعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں،رواں سال ان شاءاللہ اس منصوبہ کا افتتاح کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں بدامنی تشویشناک ہے جس سے جنوبی اضلاع کے باسی سب سے زیادہ تکلیف دہ حالات سے گز رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سلیم سیف اللہ خان جیسے سینئر اور مخلص سیاسی قیادت کی مشاورت اور رہنمائی صوبے اور میرے لئے خصوصی اہمیت کی حامل ہے ۔ سابق وفاقی وزیر سلیم سیف اللہ خان نے گورنر خیبرپختونخوا کے سیاسی جماعتوں کو صوبہ کے حقوق کے حصول کیلئے متحد کرنے ، نوجوانوں کو مشاورتی عمل میں شریک کرنے ،خواتین کو با اختیار بنانے اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ،انہوں نے کہا کہ ایک متحرک محنتی نوجوان گورنر کے طور پرانکا کردار لائق ستائش ہے،

انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں سمال ڈیمز کے منصوبوں کو شروع کیا جائے، کرم تنگی اور ٹانک ذام سمیت دیگر سمال ڈیمز سے جہاں بجلی پیدا ہوگی وہیں ایک بڑا علاقہ قابل کاشت بنے گا اور یہ صوبہ ملک کے لیئے غذائی ضروریات پوری کرنے کا باعث بنے گا، ملاقات میں خیبرپختونخوا میں کاپر فیکٹری کی تنصیب اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے متعدد تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button