ٹاپ نیوز

نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے ماڈل پرعمل پیراہیں، کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول فراہم کیا جا رہا ہے، وزیرخزانہ سینیٹر محمداورنگزیب کی ایف ایل سمڈتھ کے گلوبل سی ای او میکو کیٹو سے ملاقات میں گفتگو

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے ضمن میں حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت تبدیلی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں کان کنی اور سیمنٹ کی صنعتوں کے لئے انجینئرنگ و آلات فراہم کرنے والے معروف عالمی ادارے ایف ایل سمڈتھ کے گلوبل سی ای او میکو کیٹو سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں ڈنمارک کے سفیر جیکوب لینولف،کمپنی کے دیگرعہدیداروں اور فنانس ڈویژن کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ نے برآمدات کی قیادت میں ترقی کے ماڈل کے حصول کیلئے پاکستان کی سٹریٹجک تبدیلی پر زور دیا اور کہا کہ اس کا مقصد مختلف شعبوں میں پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے توانائی اور بجلی کے شعبوں میں جامع اصلاحات، سرکاری اداروں کی نجکاری، ٹیکس نظام اور عوامی اخراجات کی تنظیم نو کی صورت میں حکومت کی جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ سینیٹر اورنگزیب نے نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کیلئے سہولیات فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ حکومت کاروبار اورسرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سٹیٹس کو کی حمایت کرنے والوں کی مزاحمت کے باوجود ہم اپنے تبدیلی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں، نجی شعبے کو اس کی رہنمائی کرنی چاہئے، حکومت زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے حوالہ سے اپنا کرداراداکرے گی ۔ ایف ایل سمڈتھ کے گلوبل سی ای او نے حکومت پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کی تعریف کی اور ملک میں کمپنی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پرروشنی ڈالی ۔

انہوں نے کہاکہ کمپنی پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں اپنا کرداربڑھا رہی ہے جس کی وجہ سے مقامی ویلیو ایڈیشن اور ٹیکسوں میں شراکت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کان کنی کی صلاحیت کے بارے میں کمپنی جامع معلومات رکھتی ہے اور ہم مقامی شراکت اور تعاون کے ذریعے سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے کے خواہشمند ہیں۔

وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے میں پرعزم ہے۔ فریقین نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے خاص طور پر کان کنی اور سیمنٹ کی صنعتوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button