قومی

مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر بارے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے،ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر بارے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے،مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہییے۔اتوار کو بھارتی وزیر خارجہ کے مقبوضہ کشمیر بارے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر ایک تسلیم شدہ تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے ۔ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے اس دیرینہ تنازعہ کا حل ناگزیر ہے ۔

ترجمان نے کہاکہ پاکستان واضح طور پر ہر اس بیانیے کو مسترد کرتا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہو کہ جموں کشمیر کا تنازعہ یک طرفہ طور پر حل کیا گیا ہے یا کیا جاسکتا ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ اس طرح کے دعوے نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ زمینی حقائق کو واضح طور پر نظر انداز کرتے ہیں ، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات اس حقیقت کو تبدیل نہیں کرسکتے ۔

ترجمان نے کہاکہ اگرچہ پاکستان سفارتکاری اور بات چیت کے لیے پرعزم ہے لیکن وہ کسی بھی جارحیت کا غیر متزلزل عزم کے ساتھ بھرپور جواب دے گا ۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں حقیقی امن و استحکام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس تنازعہ کے حل سے جڑا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کے بارے میں اپنے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے اور جموں کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ پرامن اور دیرپا حل اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے بامعنی مذاکرات کرے ۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button