کاروباری

ڈنمارک کے بڑے بزنس گروپ کی پٹرولیم، خزانہ ،مواصلات اور تجارت کے وفاقی وزرا سے ملاقات ،پاکستانی معدنی صنعت میں بھاری سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار

ڈنمارک کے بڑے بزنس گروپ نے پاکستان میں معدنی صنعت میں بھاری سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کااظہار کیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف کی سربراہی میں معروف ڈینش مائننگ کمپنی ایف ایل سمڈتھ کے سی ای او میکو کیٹو نے وفاقی وزرا ڈاکٹرمصدق ملک، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان اور جام کمال سے ملاقات کی۔

وفاقی وزرا نے کہا کہ پاکستان میں معدنی وسائل کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور بڑی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔ وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان معدنیات کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور طلبہ کے لیے ریسرچ و ٹریننگ کے مواقع پر بھی کام کریں گے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےاپنے محکمے کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ڈنمارک سے سرمایہ کاری بہت حوصلہ افزا ہے، مثبت نتائج سامنے آئیں گے،حکومت نجی شعبے کے تعاون سے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں دلچسپی رکھتی ہے۔

وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ ڈنمارک کےمعدنیات کے شعبے میں تعاون اور دو طرفہ کاروباری سرگرمیوں سے ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔ ڈنمارک پاکستان کا انتہائی اہم کاروباری شراکت دار ہے ہم اس کورڈیل ریلیشن شپ کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک 30 برسوں سے پاکستان میں سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبوں میں سرگرم عمل ہے، مائننگ انڈسٹری میں قابل عمل تجاویز اور فائدہ مند منصوبوں کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button